عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر پشاور کی مؤثر مداخلت کے نتیجے میں پشاور کے رہائشی شفقت علی کو ان کے مرحوم والد خان گل زخمی کے تاحیات واجبات کی مد میں 23 ہزار روپے کی ادائیگی کردی گئی۔
یہ رقم ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) سے کافی عرصے سے واجب الادا تھی، جس کے حصول کے لیے شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر پشاور سے رجوع کیا تھا۔
وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا اور واجب الادا رقم کی ادائیگی کے لیے مؤثر پیروی کی۔ دفتر کی بروقت مداخلت اور مسلسل کوششوں کے نتیجے میں متعلقہ ادارے نے مرحوم کے تاحیات واجبات ادا کردیے، جس سے شکایت کنندہ اور ان کے اہلِ خانہ کو مالی ریلیف ملا۔
شکایت کی تحقیقات اسسٹنٹ ایڈوائزر انجم بی بی نے کیں، جبکہ فیصلے پر عمل درآمد ڈپٹی ایڈوائزر محمد عالمزیب نے یقینی بنایا۔
شفقت علی نے شکایت کے فوری ازالے اور بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ اور علاقائی سربراہ پشاور محمد قاسم جان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واجبات کی رقم دلوانے کے لیے کی جانے والی مؤثر کوششوں کو سراہا۔
وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر پشاور نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوامی شکایات کا بروقت، شفاف اور بلا معاوضہ ازالہ یقینی بنایا جائے گا، جبکہ وفاقی سرکاری اداروں میں بدانتظامی، غفلت یا غیر ضروری تاخیر کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
وفاقی سرکاری محکموں سے متعلق شکایات رکھنے والے شہری وفاقی محتسب کے آن لائن شکایات درج کرنے کے نظام کے ذریعے اپنی شکایات جمع کرا سکتے ہیں یا علاقائی دفتر پشاور کے سرکاری واٹس ایپ نمبر 0310-8147713 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔


Comments are closed.