چین کو پاکستانی برآمدات بڑھانے اور سی پیک اقتصادی زونز میں تیزی لانے پر احسن اقبال کی چینی نائب وزیر تجارت سے ملاقات
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
بیجنگ: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین کے نائب وزیر تجارت یان ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام میں تیزی لانے، پاکستانی برآمدات بڑھانے اور صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ چین سالانہ تقریباً 3 ٹریلین امریکی ڈالر کی اشیا درآمد کرتا ہے، جبکہ پاکستان کی چین کو برآمدات تقریباً 3 ارب ڈالر ہیں۔ چین کی مجموعی درآمدات میں پاکستان کا حصہ محض 0.1 فیصد ہے، جو پاکستانی مصنوعات کے لیے چینی منڈی میں وسیع امکانات کی نشاندہی کرتا ہے۔
ملاقات میں سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز میں برآمدی صنعتوں کے لیے سرمایہ کاری راغب کرنے اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک 2.0 اور اُڑان پاکستان کے تحت پاک چین دوستی کی مضبوط بنیاد پر صنعتی سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
دونوں جانب سے پاکستانی کاروباری وفود کی چین میں تجارتی نمائشوں اور کاروباری ملاقاتوں میں شرکت آسان بنانے کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس اقدام سے پاکستانی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے، چینی خریداروں سے براہِ راست رابطے قائم کرنے اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں کے فروغ کے مواقع میسر آئیں گے۔


Comments are closed.