چشمہ رائٹ بینک کینال کی بحالی سے ڈیرہ کے کسانوں کا دیرینہ مسئلہ حل، متاثرہ دیہات کے لیے پیکج کا اعلان

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

ڈیرہ اسماعیل خان: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کی بحالی سے ڈیرہ اسماعیل خان کے زمینداروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے، جبکہ چشمہ لفٹ کینال کی تکمیل سے گندم کی کمی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نہر کی بندش کے دوران متاثرہ مہینوں کے ٹیکس ختم کرنے اور نہر ٹوٹنے سے نقصان اٹھانے والے دیہات کو حکومتی پیکج دینے کے لیے اقدامات کا اعلان بھی کیا۔

 

گورنر نے ان خیالات کا اظہار چشمہ رائٹ بینک کینال کی بحالی کے سلسلے میں چشمہ ریسٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے فتح اللہ میاں خیل، ایم پی اے احسان اللہ میاں خیل، کمشنر ڈیرہ ڈویژن داؤد خان، آر پی او غلام مبشر میکن، ڈپٹی کمشنر حکمت اللہ، حاجی عبدالحلیم خان قصوریہ، مخدوم الطاف حسین، عوامی نمائندے، سیاسی شخصیات، کسان اور محکمہ آبپاشی کے افسران موجود تھے۔

 

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دامان کے زمینداروں کا ذریعہ معاش نہری پانی سے وابستہ ہے، اس لیے چشمہ رائٹ بینک کینال کی بحالی علاقے کی زرعی معیشت کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار نے مقررہ مدت سے پہلے نہر کی مرمت کا کام مکمل کیا، جس سے زمینداروں کو ریلیف ملا ہے۔

 

گورنر نے کہا کہ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال کو محکمہ آبپاشی کے ماتحت کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نہر کی بندش کے دوران جن مہینوں میں پانی فراہم نہیں کیا گیا، ان ایام کے ٹیکس ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ نہر ٹوٹنے سے متاثرہ دیہات کو حکومتی پیکج دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ چشمہ لفٹ کینال کا ٹینڈر پیر کو واپڈا ہاؤس لاہور میں کھولا جائے گا اور ایک ماہ کے اندر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق چشمہ لفٹ کینال کی تکمیل سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور گندم کی کمی کے مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔

 

گورنر نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں پینالہ انٹرچینج کا جلد افتتاح کیا جائے گا، جبکہ شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے اور آئی ہسپتال کا جلد افتتاح کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھا جائے گا اور صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

 

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور صحت کے شعبے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

 

گورنر نے بتایا کہ پولیس کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کرنے اور شہداء پولیس کے پیکج میں اضافے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ پولیس کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے سولر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے اور سیف سٹی منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

 

انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو شہر میں صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.