پیپلز پارٹی کی 59 سالہ جدوجہد جمہوریت اور عوامی حقوق کی تاریخ ہے، بخت محمد کاکڑ

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

کوئٹہ: صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے 59ویں یومِ تاسیس پر پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت، عوامی حقوق اور ملکی سیاسی نظام کے لیے خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

 

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا 59واں یومِ تاسیس جمہوریت، عوامی حقوق اور سیاسی جدوجہد کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور جمہوری جدوجہد کا راستہ دکھایا، جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔

 

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، پارلیمان کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پارٹی کی تاریخ عوامی خدمت، جمہوری جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے، جبکہ کارکنوں نے جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری سیاست کے تسلسل اور عوامی خدمت کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی ترقی، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اور صوبے کی مجموعی ترقی کے لیے جذبۂ خدمت کے ساتھ کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

صوبائی وزیر صحت نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں، رہنماؤں اور حامیوں کو 59ویں یومِ تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری اقدار کے فروغ، عوامی حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

Web Desk

Comments are closed.