عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی نظام، پارلیمانی جمہوریت اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کا عزم پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاسی شناخت کا حصہ ہیں اور ان بنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ ملک کو درپیش چیلنجز سیاسی محاذ آرائی کے بجائے وسیع تر قومی اتفاقِ رائے کے متقاضی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے 59ویں یومِ تاسیس پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا وژن، جرأت اور قربانیاں ایک جمہوری، وفاقی، ترقی پسند اور مساوات پر مبنی پاکستان کے لیے جدوجہد کی رہنمائی کرتی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنی تاریخ میں ہر دور کے بنیادی چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، تاہم آج پاکستان کو تیزی سے بدلتے علاقائی اور عالمی حالات میں نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ خلیج میں ایران، عرب ممالک، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان جنگ نے علاقائی استحکام اور عالمی امن کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان کا قیامِ امن اور سفارت کاری میں تاریخی کردار مذاکرات اور روابط کے ذریعے تنازعات کے پُرامن حل کے دیرینہ عزم کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی آزمودہ دوستی اقتصادی اور تزویراتی تعاون سے لے کر سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق تک نئے سنگ میل عبور کر رہی ہے۔ اس پائیدار دوستی کی بنیادیں شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھیں جو دونوں ممالک کی آنے والی نسلوں کے مفادات کا تحفظ کر رہی ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین چیلنج ہے۔ ہمیں ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف کوششیں جاری رکھنے، عوام کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پُرعزم رہنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی اتفاقِ رائے ضروری ہے۔ جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور قومی اہمیت کے تمام مسائل آئین کے دائرے میں رہ کر حل کرنے چاہئیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو فخر ہے کہ اس نے پاکستان کو 1973ء کا متفقہ آئین دیا، اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے وفاق کو مضبوط کیا، جوہری پروگرام کی بنیاد رکھی اور مزدوروں، کسانوں، خواتین، اقلیتوں اور محروم طبقات کے حقوق کے فروغ کے لیے اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی نظام، پارلیمانی جمہوریت اور عام آدمی کی فلاح و بہبود پیپلز پارٹی کی سیاسی شناخت کے بنیادی اصول ہیں اور ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں آئین کی بالادستی، صوبائی خودمختاری، سماجی انصاف، معاشی مساوات اور عوام کو بااختیار بنانے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں اور حامیوں پر زور دیا کہ وہ ان اصولوں کی پاسداری کریں، قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور ایک پُرامن، خوشحال، روادار اور ترقی پسند پاکستان کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔


Comments are closed.