عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں 11 مزدوروں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دینے پر زور دیا ہے۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔ مزدوروں کو اغوا کرکے قتل کرنا انتہائی بزدلانہ اور قابلِ مذمت فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس سفاکانہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزا دلانا ہوگی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔


Comments are closed.