وزیراعظم کا فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی پر اظہار اطمینان، 10 کروڑ ٹوکن استعمال، 184 لاکھ سے زائد افراد مستفید

1

لاہور، 29 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم کی ٹارگٹڈ فیول سبسڈی اسکیم کی کامیابی اور عوامی پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکیم کے تحت استعمال ہونے والے ٹوکنز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزیراعظم کے مطابق اسکیم سے انفرادی طور پر مستفید ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ 84 لاکھ سے بڑھ چکی ہے، جبکہ اب تک 52 ارب روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ اوسطاً ڈیڑھ لاکھ نئے مستحق افراد کی رجسٹریشن عوام کے اعتماد اور حکومتی اقدامات کی کامیابی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں ستمبر میں یہ اسکیم شروع کی گئی تھی تاکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کا اضافی بوجھ عوام پر منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔

اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، تاکہ عام شہریوں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور کم آمدنی والے خاندانوں کو براہ راست ریلیف مل سکے۔

وزیراعظم نے وزارتوں اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مستحق شہریوں تک مالی معاونت کی شفاف اور مؤثر فراہمی یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم کی شفافیت، مؤثر نگرانی اور مستحق افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولت کو یقینی بنایا جائے، جبکہ مزید لوگوں کو اس پروگرام سے مستفید کرنے کے لیے سہولیات میں بہتری لائی جائے۔

Web Desk

Comments are closed.