ناروے کپ کے ہیروز کا سندھ اسمبلی میں شاندار استقبال

3

کراچی 08 اگست ۔ ناروے کپ 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کر کے پاکستان اور سندھ کا نام عالمی سطح پر روشن کرنے والی لیاری کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم پارلیمانی سیکریٹری برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر، شازیہ کریم سنگھار کے ہمراہ سندھ اسمبلی پہنچی۔اسمبلی پہنچنے پر اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، سابق اسپیکر آغا سراج درانی اور اپوزیشن رہنما صابر راجپوت نے فلور آف دی ہاؤس پر کھڑے ہو کر شاندار الفاظ میں خوش آمدید کہا اور انہیں ’’قومی ہیروز‘‘ قرار دیا۔سینیئر وزیر شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ سندھ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو انعامات دینے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ان کے شایانِ شان انعامات کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائے گا۔اس موقع پر ایک دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب آغا سراج درانی نے ٹرانسپورٹ منسٹر شرجیل میمن کو تجویز دی کہ ٹیم کو ریڈ بس کا تحفہ دیا جائے تاکہ انہیں انٹر سٹی میچز میں آمدورفت کی سہولت میسر ہو۔ اس تجویز پر ارکانِ اسمبلی نے ڈیسک بجا کر بھرپور تائید کی، جس سے کھلاڑیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔یہ ٹیم، "بیٹر فیوچر پاکستان” کے نام سے کھیلتے ہوئے، عالمی فٹبال ایونٹ ناروے کپ 2025 اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی اور دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم کو فخر سے بلند کیا۔ اس تاریخی جیت نے نہ صرف کھیلوں کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا بلکہ پاکستان کا وقار عالمی افق پر مزید بلند کیا۔

Web Desk

Comments are closed.