عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور، 3 فروری 2026 — وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کمیٹی کا نواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ٹھنڈیانی کے کنسیشن ایگریمنٹ کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ نجی شراکت دار کے ساتھ کنسیشن معاہدے پر دستخط کر کے منصوبے کو عملی مرحلے میں داخل کرنے کی ہدایت کی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ ملک کا پہلا انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ہے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت قائم کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کا مقصد نجی سرمایہ کاری کے ذریعے ٹھنڈیانی جیسے صحت افزا مقام کو ماحول دوست سیاحت کا جدید مرکز بنانا ہے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ چار زونز اور تین پیکیجز پر مشتمل ہے، جن میں 14 ممکنہ سیاحتی منصوبے، تین نئے ہوٹلز یا کنڈوٹلز اور 263 ہوٹل و ریزارٹ کیز شامل ہیں۔ دیگر سہولیات میں سروس اپارٹمنٹس، تفریحی مقامات، شاپنگ مالز، کمرشل کمپلیکس، پارکس، فلاحی احاطے، فیملی سروس اپارٹمنٹس اور پارکنگ شامل ہوں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے سے کم ازکم 23 ارب روپے سے زائد آمدن متوقع ہے جبکہ زیادہ آمدن کی کوئی حد مقرر نہیں۔ یہ صوبے میں چوتھا انٹیگریٹڈ ٹورازم زون ہوگا جو 400 کنال پر محیط ہے، جبکہ مانسہرہ، سوات اور چترال میں دیگر ٹورازم زونز پر بھی کام جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق سیاحت کو معاشی استحکام کی بنیاد بنانے کے لیے پرعزم ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل ماحول دوست اصولوں کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی ہدایت بھی کی۔


Comments are closed.