عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کراچی، 2 فروری 2026 — پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام میری ٹائم سیکیورٹی مشق سی گارڈ–2026 کی افتتاحی بریف کراچی میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر کوسٹ، وائس ایڈمرل فیصل امین نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ مشق اس سلسلے کی تیسری کڑی ہے جو 2 سے 9 فروری 2026 تک جاری رہے گی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سی گارڈ–2026 ایک قومی سطح کی مشق ہے جس کا مقصد شپنگ، ماہی گیری، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور نجی شعبے سمیت میری ٹائم سیکٹر سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یکجا کر کے سمندری حدود میں درپیش کثیرالجہتی چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کرنا ہے۔
مشق کے دوران مختلف منظرناموں پر مبنی عملی سرگرمیاں اور ٹیبل ٹاپ مباحثے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کی ساحلی پٹی اور سمندری حدود کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ افتتاحی بریف میں شرکاء کو جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے طریقۂ کار اور افادیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وائس ایڈمرل فیصل امین نے تمام اداروں کی شرکت کو سراہتے ہوئے قومی سطح پر میری ٹائم آگاہی کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

Comments are closed.