وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات پر فوڈ اتھارٹی کا پری اور دورانِ رمضان انسدادِ ملاوٹ لائحہ عمل تیار

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے رمضان المبارک سے متعلق ہدایات کی روشنی میں خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے رمضان سے قبل اور دورانِ رمضان غیر معیاری، مضرِ صحت اور ملاوٹ شدہ خوراک کے خلاف خصوصی مہمات کے لیے جامع لائحہ عمل ترتیب دے دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کاشف اقبال جیلانی نے کہا ہے کہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام فیلڈ انسپکشن ٹیموں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کے تحت سزا و جزا کے نظام پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے فیلڈ ٹیموں کے ساتھ منعقدہ آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن عبدالرحمٰن، ڈائریکٹر آپریشنز محمد یوسف، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر عبد الستار شاہ، ڈائریکٹر فنانس ظاہر محمود سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران جنوری کی کارکردگی اور رمضان المبارک کی خصوصی مہمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق لائحہ عمل کے تحت دودھ، گوشت، بیکری آئٹمز، مشروبات، مصالحہ جات، ائل اینڈ گھی اور رمضان میں زیادہ استعمال ہونے والی دیگر اشیائے خورونوش کی خصوصی انسپکشن کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کے خلاف تین روزہ خصوصی مہم کا آغاز ہو چکا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام بڑے شہروں کے داخلی راستوں پر دودھ کی سخت چیکنگ جاری ہے۔
کاشف اقبال جیلانی نے خوراک میں ملاوٹ کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا خاتمہ مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غفلت، لاپرواہی یا بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور میرٹ پر کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

Web Desk

Comments are closed.