امان اللہ کنرانی کا محمود خان اچکزئی کی قومی اسمبلی تقریر پر شدید ردعمل
ر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ | 03 فروری 2026
سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسیشن امان اللہ کنرانی نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کی حالیہ تقریر کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ خطاب بلوچستان کی تاریخ کو مسخ کرنے اور متعصبانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عددی کمزوری کے باوجود مخصوص سیاسی سہارے سے ایوان میں ملنے والا پلیٹ فارم دیگر اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی نہیں کرتا۔ امان اللہ کنرانی کے مطابق محدود سیاسی بصیرت نے تقریر کو غیر منطقی تضادات سے بھر دیا ہے، جبکہ خود اچکزئی قبائل کے اندر بھی انہیں سیاسی مزاحمت کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کسی کی ملکیت نہیں بلکہ صدیوں سے اپنی شناخت، سرزمین، ساحل اور وسائل کے دفاع میں مصروف ہے۔ بلوچ قوم نے طاقت کے سامنے کبھی سرنگوں ہونا قبول نہیں کیا اور تاریخ شہزادہ عبدالکریم احمدزئی سے نواب اکبر بگٹی شہید تک لازوال قربانیوں سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم کو خود ساختہ تاریخی بیانیوں میں شامل نہ کیا جائے اور نہ ہی کسی کو اس کا ٹھیکیدار بننے دیا جائے۔


Comments are closed.