گوادر میں خواتین کی ذہنی صحت اور مثبت تربیت سے متعلق آگاہی نشست

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر: جی ای ای ڈبلیو ایس گوادر اور دستکِ زیست کے اشتراک سے خواتین کی ذہنی صحت، ذہنی دباؤ سے نمٹنے، جذباتی توازن اور بچوں کی مثبت تربیت کے موضوع پر خصوصی آگاہی نشست منعقد ہوئی۔

نشست میں گھریلو خواتین، طالبات، اساتذہ اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ خواتین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔

ماہرین نفسیات گراناز ہوت بلوچ اور فوزیہ ذوالفقار نے ذہنی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے روزمرہ ذہنی دباؤ سے نمٹنے، جذبات پر قابو پانے اور نفسیاتی صحت برقرار رکھنے کے عملی طریقے بیان کیے۔

انہوں نے کہا کہ ماں اور بچوں کے درمیان محبت، صبر اور مثبت رویے پر مبنی مضبوط جذباتی تعلق بچوں کی شخصیت سازی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین نے نسل در نسل منتقل ہونے والے ذہنی صدمات کے اثرات پر بھی گفتگو کی اور والدین کو ترغیب دی کہ وہ منفی تجربات اور رویوں کو آئندہ نسلوں تک منتقل ہونے سے روکنے کے لیے مثبت تربیتی طریقے اپنائیں۔

شرکاء کو ذہنی دباؤ اور تھکاوٹ میں کمی کے لیے عملی مشقوں اور سکون حاصل کرنے کی تکنیکوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

منتظمین کے مطابق دو سے تین گھنٹے جاری رہنے والی اس نشست کا مقصد ذہنی صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، خاندانی تعلقات مضبوط بنانا اور بچوں کی مثبت تربیت کو فروغ دینا تھا۔

Web Desk

Comments are closed.