کوئٹہ ٹریفک پولیس کو 15 گاڑیاں، 10 ہیوی موٹر سائیکلیں اور چار لفٹر فراہم
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ: انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بنیادی شہری ذمہ داری ہے، جس سے ڈرائیوروں اور سڑک استعمال کرنے والے دیگر افراد کو حادثات سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
وہ کوئٹہ ٹریفک پولیس کے تین زونز سٹی، سریاب اور صدر کے لیے نئی گاڑیاں فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بلوچستان کانسٹیبلری محمد اشفاق احمد، صوبائی سیکریٹری ٹرانسپورٹ محمد حیات کاکڑ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز طاہر علاؤالدین، ڈی آئی جی فنانس سہیل احمد شیخ، ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت، چیف میٹروپولیٹن کارپوریشن میجر (ر) بشیر بیریک، ایس ایس پی ٹریفک دوستین دشتی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ کسی شہر کا ٹریفک نظام وہاں کے شہریوں کے نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کا عکاس ہوتا ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے وقت اور ایندھن ضائع ہونے کے ساتھ سڑک حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں۔
محمد طاہر نے کہا کہ نئی گاڑیوں میں جدید آلات اور کیمرے نصب کیے جائیں گے اور انہیں سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی نگرانی اور انتظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے سخت موسمی حالات میں فرائض انجام دینے والے ٹریفک اہلکاروں کی خدمات کو بھی سراہا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔
تقریب کے اختتام پر کوئٹہ ٹریفک پولیس کے حوالے 15 گاڑیاں، 10 ہیوی موٹر سائیکلیں اور چار ریکوری لفٹرز کیے گئے۔


Comments are closed.