پاکستان اور ترکمانستان کا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط بڑھانے پر اتفاق

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد: پاکستان اور ترکمانستان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، علاقائی تجارتی راہداریوں کی ترقی اور کاروباری روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات، براہِ راست فضائی رابطوں اور وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

یہ اتفاق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ترکمانستان کے وزیر تجارت و خارجہ اقتصادی تعلقات دورت گلی سلیمانوف کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

ملاقات میں ٹیکسٹائل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، صنعتی پیداوار اور لاجسٹکس کے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ عالمی تجارتی مشکلات، بین الاقوامی مال برداری کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور روایتی تجارتی راستوں میں رکاوٹوں کے باعث علاقائی اقتصادی روابط کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد اور اشک آباد کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے اور زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات کے لیے خصوصی کارگو پروازوں کے امکانات تلاش کرنے کی تجویز دی۔ ترکمان وزیر نے فضائی رابطوں کی اہمیت تسلیم کرتے ہوئے اس تجویز پر متعلقہ حکام کے ساتھ مزید بات چیت پر آمادگی ظاہر کی۔

ملاقات میں زمینی تجارتی روابط کے حوالے سے پاکستان کی نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن کی وسطی ایشیائی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جام کمال خان نے سرحد پار نقل و حمل میں سہولتیں پیدا کرنے، متبادل تجارتی راہداریوں کو فعال بنانے اور پاکستانی سنگِ مرمر سمیت دیگر برآمدی مصنوعات کے لیے نئی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ویزا سہولتوں میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں اور اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔

ترکمانستان کے وزیر تجارت دورت گلی سلیمانوف نے بتایا کہ 2025 کے دوران پاکستان اور ترکمانستان کی دوطرفہ تجارت کا حجم 36 ملین ڈالر سے تجاوز کر گیا تھا، تاہم یہ 2024 کے مقابلے میں تقریباً 23 فیصد کم رہا۔ رواں سال کے پہلے نو ماہ کے دوران دونوں ممالک کی باہمی تجارت تقریباً 15 ملین ڈالر رہی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 56 فیصد کم ہے۔

انہوں نے تجارتی حجم میں کمی کی بنیادی وجہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کمی کو قرار دیتے ہوئے روایتی تجارتی حجم بحال کرنے اور پاکستان کے لیے ترکمانستان کی برآمدات میں تنوع پیدا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے درمیان قابلِ برآمد مصنوعات اور درآمدی ضروریات کی تازہ فہرستوں کے تبادلے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔

دونوں وزرائے تجارت نے تجارتی معاملات میں مستقل رابطوں اور پیش رفت کے جائزے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر جام کمال خان نے پاکستان کے پانچ سالہ ٹیرف اصلاحاتی پروگرام سے بھی ترکمان ہم منصب کو آگاہ کیا اور کہا کہ کسٹمز ڈیوٹیز میں بتدریج کمی سے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے وزارت تجارت کے نئے آن لائن تجارتی معلوماتی پورٹل کے بارے میں بھی بتایا، جس کے ذریعے ترجیحی تجارتی معاہدوں اور ٹیرف شیڈولز سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے ایوان ہائے صنعت و تجارت، صنعتی تنظیموں اور کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے اور پاکستان میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں ترکمانستان کی شرکت کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دونوں وزرائے تجارت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تجارتی سہولتوں، نقل و حمل، منڈیوں تک رسائی اور نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دے کر پاکستان اور ترکمانستان کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔

پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا چھٹا اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں تجارت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔

Web Desk

Comments are closed.