عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات سوئٹزرلینڈ کے نئے سفیر اسٹیفن رے نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، تعلیم، علاقائی ترقی، سیاحت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات اور صوبے بالخصوص نامزد اضلاع کی ترقیاتی ترجیحات بھی زیرِ بحث آئیں۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام ہے، کیونکہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا براہِ راست تعلق امن و استحکام سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی اور ترقی کا عمل تیز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیاحت، معدنیات، تیل اور قدرتی گیس سمیت وسیع قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے یہاں سرمایہ کاری کے متعدد مواقع موجود ہیں۔ صوبے میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری ہیں۔
گورنر نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے صوبے بالخصوص نامزد اضلاع کی ترقی کے لیے 160 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم کیا ہے۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے دیگر صوبوں کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔
ملاقات کے دوران غیر قانونی کان کنی کی روک تھام، معدنی وسائل کے مؤثر استعمال اور سرمایہ کاری کے فروغ کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ گورنر نے سوئس سفیر کو حالیہ منرل انویسٹمنٹ فورم، سرکاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے فروغ اور صوبائی انویسٹمنٹ کمپنی کے قیام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے وفاقی حکومت کے ساتھ صوبائی ہم آہنگی کو ترقی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے اہم قرار دیا اور تیل و گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ ہونے والی ملاقات اور اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔
ملاقات میں کاربن کریڈٹ کے امکانات اور اس شعبے میں پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے قدرتی جنگلات، حیاتیاتی تنوع اور قدرتی وسائل کاربن کریڈٹ کے منصوبوں کے لیے اہم اثاثے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹ کے منصوبوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ صوبے کے لیے آمدن اور معاشی مواقع کے نئے ذرائع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ خیبرپختونخوا اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
گورنر نے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو صوبے میں منعقد ہونے والے پولو فیسٹیول اور اسکیئنگ ایونٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت، ثقافت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بین الاقوامی روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں طلبہ کے تبادلوں اور تعلیمی روابط کے فروغ کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقوں نے نئے معاہدوں اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی خدمات اور تجربات سے استفادہ کرنے کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے انسانی ہمدردی، قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی امداد اور متاثرہ افراد کی بحالی کے شعبوں میں ادارے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں انسانی ہمدردی کے منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بین الاقوامی اداروں کے تجربات اور تعاون سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔


Comments are closed.