خاتونِ اول کا 13 سالہ فاطمہ اصغر کی موت پر اظہارِ افسوس، شفاف تحقیقات اور بچوں کے تحفظ پر زور

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 17 نومبر: خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے اسلام آباد میں 13 سالہ فاطمہ اصغر کی المناک موت پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور بچوں کو تشدد، بدسلوکی اور استحصال سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ناقابلِ قبول ہیں اور ہمارے معاشرے میں ان کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہر بچے کو اس کے سماجی یا معاشی حالات سے قطع نظر تحفظ، عزت اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

خاتونِ اول نے نشاندہی کی کہ اسلام آباد میں چار سال قبل نافذ کیے گئے بچوں سے ملازمت کرانے سے متعلق قانون کے تحت اس عمر کا کوئی بچہ گھریلو ملازم نہیں رکھا جا سکتا، خواہ والدین نے اس کی اجازت ہی کیوں نہ دی ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ بچوں کے استحصال کی روک تھام کے لیے قانون پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واقعے کے حقائق سامنے لانے اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے جامع، غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاطمہ اصغر کی موت کے تمام حالات و واقعات کا بلاخوف و امتیاز جائزہ لیا جائے اور انصاف پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

خاتونِ اول نے بالخصوص گھریلو ملازمت سے وابستہ کم عمر اور غیر محفوظ بچوں کو بدسلوکی اور استحصال سے بچانے کے لیے اجتماعی کوششیں مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے فاطمہ اصغر کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس مشکل وقت میں صبر اور ہمت عطا فرمائے۔

Web Desk

Comments are closed.