گوادر پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال میں طبی سہولیات کا ڈی جی ہیلتھ نے جائزہ لیا

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر: ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا۔

انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیر انتظام ہسپتال آمد پر انتظامیہ نے ڈی جی ہیلتھ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب وسائل اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈی جی ہیلتھ نے ایمرجنسی وارڈ، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ، جنرل وارڈز، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، ریڈیولوجی یونٹ اور فارمیسی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طبی آلات کی کارکردگی، لیبارٹری ٹیسٹوں کی دستیابی، ادویات کے ذخیرے اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کرکے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں نے ہسپتال کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر امین مندوخیل نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مستقبل میں مزید بہتری کے لیے تجاویز پر غور کرنے کی بھی ہدایت کی اور یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان محکمہ صحت کی جانب سے ہسپتال کو تعاون جاری رہے گا۔

اس موقع پر ڈی ایچ او گوادر یاسر طاہر، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عبدالحفیظ، پی پی ایچ آئی ڈسٹرکٹ منیجر ڈاکٹر منیر رند اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

Web Desk

Comments are closed.