بلوچستان میں پہلی سرمایہ کاری و تجارت ایکسپو کا آج آغاز ہوگا

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے صوبے کی پہلی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کا آغاز آج 18 نومبر کو ہوگا۔ دو روزہ ایکسپو 18 اور 19 نومبر کو بیوٹمز کوئٹہ میں منعقد ہوگی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت منعقد ہونے والی اس ایکسپو میں ملک کے مختلف شہروں سے ممتاز صنعت کار، سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور مختلف کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے، جبکہ بلوچستان کے مقامی کاروباری ادارے بھی اپنی مصنوعات اور کاروباری صلاحیتوں کو متعارف کرائیں گے۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ BITE 2026 کا مقصد صوبے کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ مقامی کاروباری برادری کو ملک کے بڑے کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں سے منسلک کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپو مقامی صنعت کاروں، تاجروں، نوجوان کاروباری افراد اور ہنرمندوں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے اور نئے کاروباری روابط قائم کرنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن صوبے کو ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے، جس کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نجی شعبے کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ایکسپو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے اور صوبائی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Web Desk

Comments are closed.