سردیوں میں کوئٹہ کے شہریوں کو رات 11 بجے تک گیس فراہم کی جائے، گورنر بلوچستان

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ سردیوں کے موسم میں صارفین کو مکمل پریشر کے ساتھ گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بالخصوص کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ بڑھا کر رات 11 بجے تک کیا جائے۔

انہوں نے گیس سے متعلق عوامی شکایات کے فوری ازالے اور نئے گیس کنکشنز پر پابندی کے باعث صارفین کو درپیش مشکلات کا قابل عمل حل تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔

گورنر بلوچستان نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر محمد راحیل صدیقی ملک اور چیف منیجر بلنگ محمد عمران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو غربت، بے روزگاری اور کم فی کس آمدنی جیسے معاشی مسائل کا سامنا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں ممکنہ حد تک رعایتی نرخوں پر گیس فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ گیس صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

گورنر بلوچستان نے نئے گیس کنکشنز پر پابندی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نئے کنکشنز کے منتظر صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں اور بعض افراد متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ متعلقہ حکام اس مسئلے کا مناسب اور قابل عمل حل تلاش کریں۔

انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ گیس کے واجب الادا بلوں کی بروقت ادائیگی کریں اور اس سلسلے میں حکومتی و ادارہ جاتی کوششوں سے تعاون کریں، کیونکہ بلوں کی عدم ادائیگی سے اداروں کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے اور اس کے اثرات بالآخر صارفین کو بھی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔

اس موقع پر سوئی سدرن گیس کمپنی کے جنرل منیجر محمد راحیل صدیقی ملک نے گورنر بلوچستان کو کمپنی کے حالیہ اقدامات، صارفین میں آگاہی مہم اور ادارے کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

Web Desk

Comments are closed.