ڈیرہ مراد جمالی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 18 نومبر: صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی نے ڈیرہ مراد جمالی اور گردونواح کے علاقوں کو درپیش عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام کو فوری اور عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر سے نثار عمرانی کی قیادت میں مختلف عوامی وفود نے ملاقات کی اور صحت، تعلیم، بجلی، صاف پانی، آبپاشی، زراعت، سڑکوں اور نکاسی آب سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔
وفود نے علاقے میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و بحالی، کھیلوں کے میدانوں، نکاسی آب کے نظام اور زمینداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
میر صادق عمرانی نے وفود کے مسائل اور تجاویز غور سے سنیں اور موقع پر متعلقہ اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوں گی اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر یا غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آبپاشی اور زراعت کا شعبہ علاقے کی معیشت اور روزگار سے براہِ راست وابستہ ہے، اس لیے نظامِ آبپاشی کی بہتری اور زمینداروں کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔


Comments are closed.