عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 19 نومبر: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کی موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تمام زیر التوا معاملات مذاکرات، باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے حل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ فریق مل بیٹھ کر باہمی اتفاق رائے سے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے عمل میں شامل کرکے زیر التوا امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر کا بھی حوالہ دیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے متعارف کرائی گئی تھیں۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے تمام اہم معاملات پر مشاورت جاری رکھنے اور قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔


Comments are closed.