زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال پر وزیراعظم کا زور

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 19 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زرعی شعبے کی پائیدار ترقی، فی ایکڑ پیداوار میں اضافے اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے جدید زرعی تحقیق، ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

وزیراعظم آفس سسٹم کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت زرعی تحقیق اور جدت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون اور خاطر خواہ مالی وسائل فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جدید زرعی مشینری کا استعمال کاشتکاری کے اخراجات کم کرنے اور فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافے کے لیے ضروری ہے۔ کسانوں کو جدید مشینری تک آسان رسائی فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم آفس سسٹم کے تحت وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا گیا ہے اور مقررہ اہداف کے حصول میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطے اور باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنایا جائے۔

اجلاس کو وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی کارکردگی اور مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں زرعی اجناس کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس کو کسانوں کی ملک گیر رجسٹریشن میں سہولت فراہم کرنے کے لیے میرا کسان ڈیجیٹل ایپلی کیشن کے اجرا سے بھی آگاہ کیا گیا۔

زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے بتایا گیا کہ نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سکیورٹی ایڈوائزری کونسل قائم کر دی گئی ہے اور اس کے سیکرٹریٹ نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔

اجلاس میں پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کی تنظیم نو کے عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔

شرکا کو بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے باعث ممکنہ نقصانات سے کسانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے فصلوں کی انشورنس کوریج ضروری ہے، جبکہ زرعی بیمہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کام جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Web Desk

Comments are closed.