عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 19 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے اضلاع جنوبی وزیرستان، بنوں اور ٹانک میں کامیاب کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور عزم کو سراہا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کوششیں جاری رہیں گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ فتنۃ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کو پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔


Comments are closed.