عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 19 نومبر: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور جامع نشوونما کے لیے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، غذائیت اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
20 نومبر کو منائے جانے والے عالمی یوم اطفال کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بچوں کی جسمانی و ذہنی صحت، فکری نشوونما، تعلیم اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بچوں کو قوم کے روشن مستقبل کے معمار اور ثقافتی ورثے، روایات اور اقدار کا امین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال عالمی یوم اطفال کا موضوع ’’میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل‘‘ بچوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کو اجتماعی کوششوں کا محور بنانے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کو اپنی زندگی سے متعلق فیصلوں میں مؤثر آواز اور اظہار کا حق حاصل ہونا چاہیے، جبکہ ان کے خیالات، خواہشات اور احساسات کو انفرادی، معاشرتی اور ریاستی سطح پر سنا اور اہمیت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ صرف وہی معاشرہ منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کی ضمانت دے سکتا ہے جو اپنے بچوں کی بات سنتا ہو۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کی تکمیل کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
حالیہ اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت نے عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے تعاون سے اکتوبر میں بچوں پر تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستان کی پہلی قومی حکمت عملی (2026-2031) متعارف کرائی ہے۔
اس حکمت عملی کے تحت بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور استحصال سمیت ہر قسم کے تشدد کی روک تھام اور اس سے نمٹنے کے لیے مربوط قومی لائحہ عمل فراہم کیا گیا ہے۔
انہوں نے جنوری میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کے سامنے پاکستان کی چھٹی اور ساتویں مشترکہ متواتر رپورٹس کے جائزے کا بھی حوالہ دیا اور اسے بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں سے متعلق پاکستان کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئین پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جبکہ حکومت قانون سازی، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی اقدامات کے ذریعے ان ضمانتوں کو عملی شکل دے رہی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ پروٹیکشن پالیسی 2026 کے اجرا اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 کی منظوری کو بچوں کے تحفظ کے جامع نظام کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کم عمری کی شادی، جبری شادی اور دیگر نقصان دہ روایات کی روک تھام کے لیے قومی لائحہ عمل کی تیاری بھی بچوں کے تحفظ کے حکومتی عزم کی عکاس ہے۔
انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ، فروغ اور نگرانی میں نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ کے کردار کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ہر بچے کو اس کے سماجی و معاشی پس منظر سے قطع نظر معیاری تعلیم، صحت، غذائیت، تحفظ اور مساوی مواقع میسر ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں دانش اسکولوں کا قیام بھی معیاری تعلیم کی فراہمی اور بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے حکومتی اقدامات کا حصہ ہے۔ وفاقی سطح پر اسکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ بچوں سے مشقت اور غذائی قلت جیسے مسائل پر مسلسل توجہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ترقیاتی شراکت داروں، ذرائع ابلاغ، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ ہر بچے کے لیے محفوظ، جامع اور سازگار ماحول کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کریں۔


Comments are closed.