جھل مگسی میں غیر حاضر اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

جھل مگسی، 20 نومبر: ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر قرت العین مگسی سمیت محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع کے تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تعلیمی معیار اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایسے اساتذہ کو فوری طور پر وضاحت طلب نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ غیر حاضری ثابت ہونے کی صورت میں قواعد و ضوابط کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی، تنخواہ کی بندش اور دیگر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی باقاعدگی اور دیانت داری سے انجام دیں، کیونکہ اساتذہ کی حاضری اور مؤثر تدریسی عمل معیاری تعلیم کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو تمام تعلیمی اداروں کی باقاعدہ نگرانی یقینی بنانے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل مؤثر انداز میں استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی

Web Desk

Comments are closed.