ملک میں گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے کے لیے 8 لاکھ ٹن تک درآمد کی سفارش

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 21 نومبر: حکومتی کمیٹی نے ملک میں گندم کے مناسب ذخائر برقرار رکھنے اور مقامی منڈی میں رسد مستحکم رکھنے کے لیے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ہفتے کو ضروری غذائی اجناس کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکام کو قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے اور مصنوعی قلت یا قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر اور مقامی رسد کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا تاکہ تمام علاقوں میں گندم کی مناسب مقدار کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔ ضرورت پڑنے پر مناسب قیمتوں پر وافر ذخائر برقرار رکھنے کے لیے گندم درآمد کرنے کے امکان پر بھی غور کیا گیا۔

نائب وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ سرکاری ادارے، خصوصاً صوبائی محکمے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیمتوں میں استحکام اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد کے لیے باہمی تعاون سے کام کریں۔

اجلاس میں وفاقی وزرائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور تجارت، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام اور صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

کمیٹی نے مزید 8 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی سفارش کرنے کا فیصلہ کیا۔

Web Desk

Comments are closed.