حب ریجن میں وفاقی محکموں کی بھرتیوں کے لیے انٹرویوز شروع، چار اضلاع کے امیدواروں کا شیڈول جاری
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
حب (22 نومبر 2026)
حب ریجن میں وفاقی محکموں کی مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کا آغاز ہوگیا۔ پہلے مرحلے میں آج ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر (ٹی ٹی سی) حب میں لیے جا رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق انٹرویوز کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، جس کے لیے تمام انٹرویو پینلز فعال ہیں اور امیدواروں کی سہولت کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر حب کیپٹن (ر) جمعہ داد خان مندوخیل انٹرویوز کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انٹرویو پینلز کو ضروری فرنیچر، نشستوں، لیپ ٹاپس، معاون عملے اور کلریکل سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ امیدواروں اور انٹرویو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 22 نومبر کو ضلع خضدار، 23 نومبر کو حب اور وڈھ، 24 نومبر کو ضلع لسبیلہ اور 25 نومبر کو ضلع آواران سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز منعقد کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر حب انٹرویو کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ بھرتیوں کے مراحل میں شفافیت، میرٹ اور انتظامی نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام امیدواروں کو یکساں مواقع اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


Comments are closed.