پنجاب میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف کارروائی، سات روز میں 2,223 خلاف ورزیاں پکڑی گئیں

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

لاہور (22 نومبر 2026) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ سات روز کے دوران جدید نگرانی کے نظام اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحولیاتی قوانین کی 2,223 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن پر 1,028 جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 787 وارننگز جاری کی گئیں۔

اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دھواں چھوڑنے والی 831 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 527 کو جرمانے کیے گئے جبکہ 229 گاڑیوں کو وارننگ دی گئی۔ صرف لاہور میں حد سے زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 333 الیکٹرانک چالان جاری کیے گئے۔

اسی طرح تعمیراتی سامان کو حفاظتی ترپال کے بغیر لے جانے والی 1,026 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن کے خلاف 500 جرمانے اور وارننگز کی کارروائیاں کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ باربی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھویں کے اخراج کی 137 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی گئیں، جن پر تمام متعلقہ مقامات کو وارننگز جاری کی گئیں۔ بھٹوں سے دھویں کے اخراج کے 23 واقعات سامنے آئے، جن میں سے 19 پر وارننگز جاری کی گئیں جبکہ تین کیسز مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیے گئے۔

مزید برآں کوڑا کرکٹ جلانے کے 36 واقعات کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 33 کیسز قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو ارسال کیے گئے۔ تعمیراتی مقامات پر ماحولیاتی ضابطہ کار کی خلاف ورزیوں کے 168 واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے، جنہیں ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کر دیا گیا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اپنے مربوط سمارٹ نگرانی نظام، جدید کیمروں اور ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور خلاف ورزیوں کی رپورٹس فوری طور پر متعلقہ محکموں کو ارسال کی جا رہی ہیں تاکہ ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ اسموگ پر قابو پانے، فضائی آلودگی کم کرنے اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی اور متعلقہ سرکاری محکموں کے درمیان مشترکہ اقدامات جاری ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں سے گریز کریں اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

Web Desk

Comments are closed.