پاکستان اور پرتگال میں تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 23 نومبر: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
صدرِ مملکت نے ان خیالات کا اظہار پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پرتگال کو یکم جنوری 2027ء سے شروع ہونے والی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور اس کی کامیاب مدت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین میں پرتگال کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
صدر زرداری نے روایتی شعبوں، بالخصوص ٹیکسٹائل سے آگے بڑھ کر دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے اور زراعت، پراسیس شدہ خوراک، ادویہ سازی، انجینئرنگ، کھیلوں کے سامان اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدرِ مملکت نے تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے، نئے مواقع کی نشاندہی اور کاروباری تعاون کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری پر مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی دی۔
صدر آصف علی زرداری نے تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کے امکانات اجاگر کرتے ہوئے جامعات کے درمیان شراکت داری، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں اور ٹیکنالوجی اداروں و انکیوبیٹرز کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
صدرِ مملکت نے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کیا اور کوچنگ، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگراموں میں مزید تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی۔
صدر زرداری نے زرعی تعاون سے متعلق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے قیام کی امید ظاہر کی۔
صدرِ مملکت نے پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے پرتگال کی حمایت کو بھی سراہا اور پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود، سماجی انضمام، قونصلر رسائی اور حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو بہترین اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے باہمی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے بتایا کہ پرتگال میں مقیم 60 ہزار سے زائد پاکستانی وہاں کے معاشرے میں اچھی طرح ضم ہو چکے ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مزید تبادلوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
پاؤلو رینجل نے صدرِ مملکت کو بتایا کہ پرتگال میں 600 سے زائد پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن میں سے درجنوں پرتگالی وظائف سے استفادہ کر رہے ہیں۔ پرتگالی وزیر خارجہ نے مزید بتایا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زرعی شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
پرتگالی وفد میں پاکستان میں پرتگال کے سفیر پاؤلو ڈومنگس، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی آنا کوئلہو، وزیر خارجہ کے سفارتی مشیر فلیپ رامالہ اور کیٹانو زیویئر شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ نے بھی شرکت کی۔


Comments are closed.