وزیراعظم کا خیبر پختونخوا میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی تعاون جاری رکھنے کا عزم

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

 

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور خیبر پختونخوا پولیس کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

 

وزیراعظم نے خیبر پختونخوا کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

 

انہوں نے صحت و تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبے میں کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

 

یہ یقین دہانیاں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران کرائیں۔ ملاقات میں گورنر نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبر پختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Web Desk

Comments are closed.