گوادر فری زون میں چینی صنعتی سرمایہ کاری کے فروغ پر اہم پیش رفت 

1

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گوادر، 25 نومبر 2026

گوادر فری زون میں چینی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے گوادر پورٹ اتھارٹی، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن اور چنگ ڈاؤ کمپنی کے وفود کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔

گوادر پورٹ اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں چینی سرمایہ کاری، صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کے قیام، درآمدات و برآمدات اور سرمایہ کاروں کو کاروباری سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین پروفیسر ہو بو، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن مس یانگ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

نورالحق بلوچ نے کہا کہ گوادر فری زون کی جغرافیائی اہمیت اور بندرگاہ سے قربت سرمایہ کاروں کو خام مال کی درآمد اور تیار مصنوعات کی برآمد میں سہولت فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ قوانین اور پالیسی کے تحت فری زون میں قائم کاروباری یونٹس کو درآمدی ڈیوٹیوں میں چھوٹ سمیت مختلف مراعات حاصل ہیں۔

اجلاس میں مقامی نوجوانوں کی فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور صنعتی شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ چیئرمین گوادر پورٹ نے چینی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ بھرتیوں میں پہلے گوادر، پھر مکران اور اس کے بعد بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ گوادر مقامی نوجوانوں کو صنعتی ضروریات کے مطابق تربیت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اجلاس میں صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے زمین، لیز، لائسنسنگ، تعمیراتی اجازت ناموں، ماحولیاتی منظوریوں اور دیگر قانونی و انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ سرمایہ کاروں کو ضروری منظوریوں کے حصول میں سہولت فراہم کرنے اور فری زون میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید آسان بنانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

چینی وفد کو گوادر کے ذریعے ایران کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی رسائی اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں گوادر فری زون کو صنعتی پیداوار، مقامی روزگار اور بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لیے مؤثر کاروباری مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا

Web Desk

Comments are closed.