بلوچستان میں اخبارات کے سرکاری اشتہارات میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے مشروط کرنے کا اعلان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 25 نومبر 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کا اجرا میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا، تاکہ صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں صحافیوں کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندے بھی شامل تھے۔
ملاقات میں کوئٹہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کو درپیش مسائل اور جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں۔ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل اور میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے۔


Comments are closed.