لورالائی ٹیچنگ ہسپتال میں طبی سہولیات اور ڈائیلاسز مشین کی ضرورت کا جائزہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
لورالائی، 25 نومبر 2026
رکن صوبائی اسمبلی اور قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین ڈاکٹر محمد نواز خان کبزئی نے ٹیچنگ ہسپتال لورالائی کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی نے انہیں ہسپتال کے مختلف شعبوں، جاری اصلاحات، عملے کی حاضری اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
ڈاکٹر نواز خان کبزئی نے گائنی، لیبر روم، آپریشن تھیٹر، بچوں کے وارڈ، شعبہ حادثات، ڈائیلاسز سینٹر اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ نے ڈائیلاسز مشین کی فراہمی کے لیے تعاون کی درخواست کی۔ ڈاکٹر نواز خان کبزئی نے کہا کہ ڈائیلاسز مشین پرانی ہو چکی ہے اور نئی مشین کی خریداری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈویژنل سطح کے اس ہسپتال کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون کی ضرورت ہے۔


Comments are closed.