عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 25 نومبر: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بدھ کو پاک چین فرینڈشپ سینٹر اسلام آباد میں ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا افتتاح کر دیا۔ یہ مرکز پاکستان کے خلائی پروگرام، سائنسی تحقیق اور پاک چین خلائی تعاون سے متعلق عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت پاکستان کے لیے ایک اہم تاریخی پیش رفت اور پاک چین شراکت داری کی نئی جہت ہے۔ پوری قوم کو اپنے خلا باز پر فخر ہے اور 25 نومبر کا دن پاکستان کے خلائی سفر میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر کو اس انداز میں تیار کیا گیا ہے کہ یہاں آنے والے افراد کو خلائی ماحول اور خلائی تحقیق کا عملی تجربہ حاصل ہو سکے۔ مرکز کے باہر خلائی جہاز اور راکٹ کا ماڈل نصب کیا گیا ہے جبکہ اندر خلائی تحقیق اور سائنس سے متعلق دستاویزی فلمیں دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کی جانب سے قائم کیے گئے خصوصی پویلین میں پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے خلائی مشن کے دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ زائرین ورچوئل رئیلٹی کے ذریعے خلائی اسٹیشن کا تجربہ بھی حاصل کر سکیں گے۔
بچوں کے لیے ’’جگنو کا سفر اسپیس تک‘‘ کے عنوان سے خصوصی اینیمیٹڈ فلم بھی پیش کی جا رہی ہے، جبکہ مرکز میں میڈیا سہولت بھی قائم کی گئی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ یہ مرکز چار روز تک فعال رہے گا اور اس دوران پاکستانی خلا باز کے خلائی مشن اور وہاں جاری سائنسی تجربات کے بارے میں مسلسل معلومات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام، بالخصوص طلبہ اور نوجوانوں کو دعوت دی کہ وہ مرکز کا دورہ کرکے خلائی سائنس اور پاکستان کے خلائی پروگرام سے آگاہی حاصل کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں چینی صدر شی جن پنگ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی اب ستاروں سے آگے خلائی تحقیق کے میدان تک پہنچ چکی ہے اور دونوں ممالک کی شراکت داری نئی بلندیوں سے ہمکنار ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی موجودگی میں سپارکو کے سربراہ اور چینی خلائی ایجنسی کے سربراہ کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے ساتھ دوسرے خلا باز داؤد نے بھی خلائی مشن کے لیے مکمل تربیت حاصل کی ہے اور دونوں نے معاہدے پر دستخط کے بعد وزیراعظم سے ملاقات کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے سپارکو، پاکستانی سائنسدانوں اور مسلح افواج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی مختلف اداروں کی مشترکہ کوششوں اور پوری قوم کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خلائی مشن سے واپسی پر حاصل ہونے والے تجربات اور سائنسی معلومات پاکستان کے خلائی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور تعاون وقت کی آزمائش پر پورا اترنے والی شراکت داری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان خلائی سائنس اور تحقیق میں تعاون مستقبل میں مزید مواقع پیدا کرے گا۔
وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں دلچسپی لیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں غیر معمولی صلاحیتیں موجود ہیں اور عزم و محنت کے ذریعے وہ بڑے سے بڑے اہداف حاصل کر سکتے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل، پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے مرکز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور انتظامات سے متعلق بریفنگ حاصل کی۔


Comments are closed.