بلوچستان کے چار اضلاع میں کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک، وزیر اعلیٰ کا سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی پر اطمینان
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 26 نومبر 2026
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
حکومتی بیان کے مطابق بلوچستان کے چار اضلاع میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے ان کارروائیوں کو سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کے عزم کا مظہر قرار دیا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کا قیام، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ ان مقاصد کے حصول کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں قابل ستائش ہیں۔ ریاست امن دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کو اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اداروں کے درمیان مؤثر تعاون اور قومی عزم ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں امن کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔


Comments are closed.