خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں، گورنر فیصل کریم کنڈی

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

پشاور، 26 نومبر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ اور صوبے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔ پولیس کی ضروریات پوری کرنے اور اسے درکار تمام وسائل فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس شہداء کے معاوضوں میں اضافے کے لیے بھی تیزی سے کام کیا گیا ہے اور پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں میں جلد اضافہ کیا جائے گا۔

گورنر نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس پشاور میں علامہ محمد اقبال کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو جلد 170 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے اور اس حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔ پشاور ناردرن بائی پاس منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ چکدرہ، لوئر دیر سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے وفاقی وزیر سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی وزیر نے ریونیو میں اضافے پر زور دیا ہے اور اس سلسلے میں انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری اداروں کو مزید مضبوط بنا کر آمدنی کے ذرائع بڑھانے کی ضرورت ہے۔

آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں 200 سے 250 روپے تک فرق ہے۔ تاجروں کے مسائل حل کیے جائیں گے، تاہم آٹے کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور عوام رضاکارانہ طور پر تجاوزات ختم کریں۔

Web Desk

Comments are closed.