گوادر کی پوری تحصیل کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان، بلدیاتی ادارے کو مزید وسائل فراہم ہوں گے

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

گوادر، 27 نومبر 2026: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کی پوری تحصیل کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گوادر میونسپل کارپوریشن کو مزید وسائل فراہم کرکے اس کی استعداد کار میں اضافہ کرے گی۔

 

وزیر اعلیٰ نے گوادر میونسپل کارپوریشن کے دورے کے دوران انتظامی و ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیا اور محدود وسائل میں کرپشن کی روک تھام، بہتر انتظامی نظم و نسق اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

 

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن نے محدود وسائل کے باوجود شفافیت اور بہتر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے نمایاں تبدیلی لائی ہے۔ انہوں نے مولانا ہدایت الرحمان اور میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین جاوید خان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔

 

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی عمارت کی تزئین و آرائش، ڈیجیٹل لیب کا قیام اور شہریوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ کارپوریشن نے اپنے وسائل سے سویپنگ مشین، فائر بریگیڈ اور دیگر شہری سہولیات کا انتظام کرکے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی مؤثر کارکردگی کے لیے دستیاب وسائل کا شفاف استعمال اور کرپشن کی روک تھام ناگزیر ہے۔ صوبائی حکومت گوادر میونسپل کارپوریشن کو ٹف ٹائلز سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔

 

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر میونسپل کارپوریشن کے انتظامی ماڈل کو بلوچستان کی دیگر میونسپل کارپوریشنز میں بھی اپنانا چاہیے۔ اگر بلدیاتی ادارے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کریں تو صوبے کی ترقی کی راہ میں حائل کئی رکاوٹیں دور ہو سکتی ہیں۔

 

وزیر اعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار گوادر میونسپل کارپوریشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

Web Desk

Comments are closed.