لوک میلہ 2026 کا آغاز، 522 اسٹالز اور 250 سے زائد فنکار و ہنرمند شریک

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

اسلام آباد، 27 نومبر: لوک میلہ 2026 کا افتتاح وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کیا۔ میلے میں ملک بھر سے 522 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 250 سے زائد فنکار اور ہنرمند اپنے فن اور مصنوعات پیش کر رہے ہیں۔ دس روزہ میلے کا مقصد پاکستان کی ثقافتی شناخت، علاقائی تنوع اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرنے کے ساتھ دستکاروں اور فنکاروں کے لیے روزگار اور آمدن کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ لوک میلہ پاکستان کی ثقافتی شناخت، علاقائی تنوع اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے۔ اس کے ذریعے ملک بھر کے ہنرمندوں، دستکاروں اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت انہیں سامنے لانے اور مناسب مواقع فراہم کرنے کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ہدایات اور وزارت کی ترجیحات کے مطابق اس سال میلے کے انتظامات گزشتہ برس کے تجربات اور عوامی تجاویز کی روشنی میں بہتر بنائے گئے ہیں۔ اسٹالز کی ترتیب، آمدورفت کے راستوں، سیکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نمایاں خدمات انجام دینے والے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔ ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی سکینہ بی بی، جو گزشتہ 35 سال سے دستکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں، کو چادر پوشی کے اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ گلگت بلتستان کے نثار علی کو نمایاں فنکار کی حیثیت سے دستار پہنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزازات ان فنکاروں اور ہنرمندوں کی خدمات کا اعتراف ہیں جو اپنی محنت اور فن کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھے ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزارت قومی ورثہ و ثقافت کو پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک میلہ ایک منفرد قومی سرگرمی ہے جہاں خیبر سے کشمیر اور گوادر سے پشاور تک پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت، روایات اور فنون دس روز کے لیے ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔

انہوں نے نئی نسل کو اپنی ثقافتی جڑوں سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوک میلہ بچوں اور نوجوانوں کو پاکستان کی متنوع ثقافت اور علاقائی شناخت سے روشناس کرانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی قیادت کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال میلے کے حوالے سے دی گئی تقریباً 99 فیصد تجاویز اور ہدایات پر عمل درآمد کیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ لوک میلہ 2025 کی کامیابی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص سلیم اور ان کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تجربات اور شرکاء کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے رواں سال اسٹالز کی ترتیب، راستوں کی کشادگی، سیکیورٹی اور پارکنگ کے انتظامات بہتر بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے ہنرمندوں کے وفود بھیج کر میلے کو قومی ثقافتی رنگ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ وفاقی سیکرٹری نے پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ اور دیگر معاون اداروں کی کاوشوں کو بھی سراہا، جو ہنرمندوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے میں وزارت کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص سلیم نے بتایا کہ رواں سال میلے میں 522 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں اور 250 سے زائد فنکار شریک ہیں۔ روزانہ 100 سے زائد فنکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ دس روزہ میلے کے دوران تقریباً 1,500 دستکار اور فنکار اپنے ہنر کے ذریعے شائقین کو پاکستان کی متنوع ثقافت سے روشناس کرائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لوک میلہ 6 دسمبر تک جاری رہے گا اور دستکار و فنکار میلے کے آخری روز تک اپنے اسٹالز پر موجود رہیں گے۔ میلے کے دوران موسیقی کی محافل، قوالی نائٹس اور مختلف علاقائی ثقافتی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔ تقریبات اور ثقافتی سرگرمیاں لوک ورثہ کے فیس بک چینل پر براہِ راست نشر کی جائیں گی۔

ڈاکٹر وقاص سلیم نے سفارتی برادری اور دوست ممالک کی شرکت کو سراہتے ہوئے چین، ترکیہ، انڈونیشیا، ازبکستان اور بنگلہ دیش کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی سرپرستی اور رہنمائی پر بھی اظہار تشکر کیا۔

افتتاحی تقریب میں چیئرپرسن قائمہ کمیٹی فرح ناز اکبر، پارلیمانی سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری اسد رحمان گیلانی، وزیر مملکت حذیفہ رحمان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص سلیم، وزارت کے اعلیٰ حکام اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ سفارتی برادری کی جانب سے چین، ترکیہ، انڈونیشیا، ازبکستان، بنگلہ دیش اور نیپال کے نمائندگان بھی شریک ہوئے، جبکہ نیپال کی سفیر کی ذاتی شرکت کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

مقررین نے دوست ممالک کی شرکت کو پاکستان کے ساتھ ثقافتی روابط، عوامی سطح پر تبادلوں اور باہمی خیرسگالی کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ لوک میلہ میں شرکت کریں، ملکی ثقافت کے رنگوں سے لطف اندوز ہوں اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو دنیا بھر میں متعارف کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

Web Desk

Comments are closed.