چین میں ای کامرس مقابلوں میں پاکستانی طالب علم سکندر مسعود کی نمایاں کامیابی، دو دوسری پوزیشنیں حاصل کر لیں

4

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

 

بیجنگ، 27 نومبر: چین کی ہوہائی یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علم سکندر مسعود نے ای کامرس کے دو اہم مقابلوں میں اپنی ٹیموں کے ہمراہ دوسری پوزیشنیں حاصل کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

 

ہوہائی یونیورسٹی کے بین الاقوامی طلبہ پر مشتمل ایک ٹیم، جس میں سکندر مسعود بھی شامل تھے، نے نانجنگ یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ آسٹروناٹکس میں منعقدہ تیسرے جیانگ سو صوبائی کالج ’’سلک روڈ ای کامرس‘‘ انوویشن چیلنج کے فائنل میں شرکت کی۔ اس مقابلے میں صوبے کی 41 جامعات سے 247 ٹیموں اور 1,060 طلبہ نے حصہ لیا، جبکہ بین الاقوامی طلبہ کے شارٹ ویڈیو مقابلے میں 63 ممالک کے شرکاء شامل تھے۔

 

سکندر مسعود کی ٹیم نے اپنے ای کامرس منصوبے میں مصنوعی ذہانت سے استفادہ کیا اور مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 

اس سے قبل جولائی میں چین کے صوبے ہینان کے شہر لنگ شوئی میں منعقدہ کالج طلبہ کے 16ویں قومی ای کامرس مقابلے ’’انوویشن، کری ایٹیویٹی اینڈ انٹرپرینیورشپ‘‘ کے بین الاقوامی مرحلے کے فائنل میں بھی ان کی ایک اور ٹیم نے شرکت کی تھی، جس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 

اس ٹیم کا منصوبہ ’’یی کڑھائی کی عالمی تشہیر اور فروخت‘‘ چین کے قومی سطح کے غیر مادی ثقافتی ورثے یی کڑھائی پر مبنی تھا۔ اس منصوبے کے تحت سرحد پار ای کامرس پلیٹ فارمز کے ذریعے یی کڑھائی کی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے اور روایتی دستکاری کو جدید کاروباری ذرائع سے منسلک کرنے کی کوشش کی گئی۔

 

منصوبے کا مقصد ثقافتی ورثے کے تحفظ، دیہی ترقی اور آمدنی میں اضافے کے لیے نئے تجارتی مواقع پیدا کرنا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق سکندر مسعود سمیت پاکستانی طلبہ کے لیے چین میں ایسے مقابلوں میں شرکت ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آن لائن پلیٹ فارم کے انتظام، سرحد پار ترسیل اور برانڈ سازی کے عملی تجربات حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، جنہیں پاکستان کی دستکاری کی صنعت کے فروغ کے لیے بھی بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔

Web Desk

Comments are closed.