شاہراہِ قراقرم پر ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن اور ریسکیو 1122 میں معاہدہ، دو ایمبولینسز فراہم کی جائیں گی

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

گلگت: الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان اور ریسکیو 1122 کے درمیان شاہراہِ قراقرم پر ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دو ایمبولینسز کی فراہمی، حوالگی اور آپریشن سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

25 نومبر کو ہونے والے اس معاہدے پر الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان کے جنرل منیجر رانا محمد طاہر اور ریسکیو 1122 کی ڈائریکٹر جنرل شاہانہ خلیل نے دستخط کیے۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن گلگت بلتستان نوید اللہ خان بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن دو جدید ایمبولینسز ریسکیو 1122 کے حوالے کرے گی، جنہیں بالخصوص شاہراہِ قراقرم پر تعینات کیا جائے گا تاکہ ٹریفک حادثات اور دیگر ہنگامی حالات میں مسافروں اور مقامی آبادی کو بروقت طبی امداد اور ریسکیو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

معاہدے کے مطابق ایمبولینسز کے آپریشن، تربیت یافتہ طبی عملے اور ڈرائیورز کی تعیناتی، ایندھن، مرمت اور دیکھ بھال سمیت تمام انتظامی و عملی ذمہ داریاں ریسکیو 1122 انجام دے گا۔ ایمبولینسز پر دونوں اداروں کے نام اور لوگو بھی نمایاں طور پر درج ہوں گے۔

اس موقع پر نوید اللہ خان کے وژن کے مطابق اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد شاہراہِ قراقرم پر حادثات اور ہنگامی حالات میں فوری امدادی کارروائیوں کو مؤثر بنانا، قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ اور عوام کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن اور ریسکیو 1122 کا یہ اشتراک گلگت بلتستان میں فلاحی اور سرکاری اداروں کے باہمی تعاون، انسانی خدمت اور عوامی تحفظ کے فروغ کی ایک اہم مثال قرار دیا گیا۔

Web Desk

Comments are closed.