جامعہ تربت میں 50 طلبہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے کی تربیت، نیشنل والنٹیر کور میں رجسٹریشن
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
تربت: جامعہ تربت کے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیرِ انتظام گرین یوتھ موومنٹ (جی وائی ایم) کلب نے طلبہ کو قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی حالات میں تیاری اور نوجوانوں میں رضاکارانہ قیادت کو فروغ دینے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
26 نومبر کو یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں منعقدہ ورکشاپ کا عنوان ’’ٹریننگ ایڈولسینٹس اینڈ یوتھ فار ایکشن اینڈ ریزیلینس‘‘ (TAYAR) تھا۔ ورکشاپ کی نگرانی جی وائی ایم کلب کے فوکل پرسن جیئند بلوچ نے کی، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین سدو احمد علی، زکیہ واحد اور منظور نے انتظامات میں حصہ لیا۔ جامعہ کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے 50 طلبہ و طالبات نے ورکشاپ میں شرکت کی۔
ورکشاپ کے ریسورس پرسن اور جی وائی ایم کلب کے نائب کپتان فہد شبیر نے شرکاء کو قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے بنیادی اصولوں، خطرات کی نوعیت، کمزوریوں، آفات کے اثرات اور مزاحمتی صلاحیت میں اضافے کے طریقوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مکران کے علاقے کو درپیش شدید گرمی کی لہروں، اچانک سیلاب، خشک سالی، زلزلوں، گرد آلود طوفانوں اور مقامی سطح پر آتشزدگی کے خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور احتیاطی تدابیر کی اہمیت واضح کی۔
ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء سے رائے حاصل کی گئی، تمام 50 طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں اور انہیں نیشنل والنٹیر کور (NVC) میں رجسٹر کیا گیا۔
جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز، گرین یوتھ موومنٹ کلب اور دیگر طلبہ سوسائٹیز کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ سوسائٹیز تعلیمی سرگرمیوں اور سماجی ذمہ داریوں کے درمیان اہم رابطے کا کردار ادا کرتی ہیں۔ وائس چانسلر نے نوجوانوں میں قیادت، سماجی خدمت اور فلاحی جذبے کو فروغ دینے کے لیے یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کلبز اور سوسائٹیز کو مسلسل انتظامی تعاون فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔


Comments are closed.