عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
رحیم یار خان: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے قومی شاہراہ پر معمول کی پٹرولنگ کے دوران موضع ظفر آباد کے قریب مشکوک گاڑی سے غیر قانونی پستول اور چھ زندہ گولیاں برآمد کر کے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکٹر سی تھری رحیم یار خان کی پٹرولنگ موبائل پر تعینات انسپکٹر مطاہر ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل شفقت علی نے موضع ظفر آباد میں الیاسر ریسٹورنٹ کے قریب بغیر نمبر پلیٹس اور مکمل طور پر کالے شیشوں والی مشکوک ٹویوٹا کرولا کار دیکھی۔
موٹروے پولیس افسران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روک کر تلاشی لی۔ دورانِ تلاشی گاڑی کے سینٹرل کنسول سے ایک مقامی ساختہ گلاک 19X پستول اور چھ زندہ گولیاں برآمد ہوئیں۔ پستول پر سیریل نمبر درج نہیں تھا اور اس کا کوئی قانونی لائسنس بھی موجود نہیں تھا۔
موٹروے پولیس نے گاڑی میں سوار دونوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں ملزمان، گاڑی اور برآمد شدہ اسلحہ مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شیڈانی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی سینٹرل زون شاہد جاوید نے بروقت کارروائی پر موٹروے پولیس افسران کو شاباش دی، جبکہ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بھی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا۔
موٹروے پولیس کے مطابق سیکٹر سی تھری رحیم یار خان میں قومی شاہراہ پر مؤثر پٹرولنگ، جرائم کی روک تھام اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔


Comments are closed.