جام کمال خان کی فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے تجارتی روابط کو برآمدی معاہدوں میں بدلنے کی ہدایت

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کراچی: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے اختتام پر تجارتی و سرمایہ کاری افسران اور دیگر تجارتی حکام سے جائزہ ملاقات کی، جس میں نمائش کے دوران ان کی کارکردگی، بین الاقوامی خریداروں سے روابط اور تجارتی وفود کے ساتھ ہونے والی کاروباری ملاقاتوں کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر نے افسران سے پیش رفت رپورٹ حاصل کی اور ہدایت کی کہ غیر ملکی خریداروں اور پاکستانی نمائش کنندگان کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ نمائش کے دوران ہونے والے کاروباری مذاکرات کو برآمدی آرڈرز اور طویل مدتی تجارتی شراکت داریوں میں تبدیل کیا جا سکے۔

جام کمال خان نے پاکستان میں بین الاقوامی تجارتی وفود کی شرکت یقینی بنانے، غیر ملکی خریداروں کو پاکستانی سپلائرز سے ملانے اور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تجارتی افسران کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے افسران اور نمائش کے منتظمین کو ہدایت کی کہ غیر ملکی خریداروں اور پاکستانی نمائش کنندگان کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ نمائشوں میں کاروباری ملاقاتوں کے انتظامات اور تجارتی وفود کے لیے سہولتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔

وفاقی وزیر نے فوڈ ایگ پاکستان کے آئندہ ایڈیشنز میں غیر ملکی کمپنیوں کے لیے الگ نمائشی جگہ مختص کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کی شرکت سے پاکستانی کاروباری اداروں کو مشترکہ منصوبوں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کے مزید مواقع حاصل ہوں گے۔

یورپی، چینی اور دیگر کاروباری وفود کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے جام کمال خان نے زرعی مشینری، غذائی مصنوعات کی پراسیسنگ، ذخیرہ کاری اور گوداموں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات اجاگر کیے۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مصنوعات میں اضافی قدر پیدا کرنے اور عالمی معیار پر عمل درآمد کے ذریعے پاکستانی غذائی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔

جام کمال خان نے نمائش کے دوران بین الاقوامی وفود کو سہولتیں فراہم کرنے اور تجارتی روابط کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان، وزارتِ تجارت کے حکام اور نمائش کے منتظمین کی کوششوں کو بھی سراہا۔

Web Desk

Comments are closed.