چمن میں ضلعی صحت کمیٹی کا اجلاس، طبی سہولیات اور محکمہ صحت کی کارکردگی کا جائزہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
چمن، 17 نومبر: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چمن فدا بلوچ کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی صحت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، طبی خدمات اور محکمہ صحت کی ماہانہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالرشید، نیو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اویس، پی پی ایچ آئی کے ضلعی سربراہ اکرم خان اور محکمہ صحت کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے اپنی ماہانہ کارکردگی اور صحت عامہ کے حوالے سے جاری سرگرمیوں پر بریفنگ بھی دی۔
اجلاس میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل پر غور کرتے ہوئے طبی سہولیات میں بہتری، عوام کو بروقت علاج معالجے کی فراہمی اور محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فدا بلوچ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں اور صحت کے شعبے میں جاری اقدامات کی مؤثر نگرانی جاری رکھیں۔


Comments are closed.