عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد ناصر سلیم کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی مالی معاونت، ڈیجیٹل بینکنگ، برآمدات کے فروغ اور اہم عالمی منڈیوں میں پاکستان کی تجارت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



وفاقی وزیر نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں ادارہ جاتی مالی وسائل تک رسائی، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور برآمدی مسابقت بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مقابلے کے لیے بین الاقوامی معیار، مصنوعات کی ضمانت اور قابلِ سراغ نظام کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔
جام کمال خان نے کاروباری ضوابط آسان بنانے، غیر ضروری اور متداخل لائسنسنگ شرائط ختم کرنے اور انتظامی رکاوٹیں کم کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں کو اجاگر کیا، تاکہ سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
حبیب بینک کے وفد نے ایس ایم ای فنانسنگ، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور غیر دستاویزی کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی میں بینکوں کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات پیش کیے۔ دونوں جانب سے مالیاتی شمولیت بڑھانے، ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور کاروباروں کو دستاویزی معیشت میں لانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے افریقہ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں تجارت اور سرمایہ کاری کے ابھرتے مواقع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزارت تجارت برآمدات میں تنوع اور نئی منڈیوں کی تلاش کے لیے ملک وار اور شعبہ جاتی حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکاری شعبے کا تعاون تجارتی مالیات کی فراہمی، بین الاقوامی لین دین میں سہولت اور پاکستانی برآمد کنندگان کو بیرون ملک نئی منڈیوں تک رسائی اور کاروبار وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ملاقات میں چین، بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ سمیت اہم تجارتی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی بینکاری اور مالیاتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزارت تجارت ان منڈیوں میں حبیب بینک کے بینکاری روابط اور سہولتوں کے فروغ میں معاونت کرے گی، جس سے تجارتی لین دین اور دوطرفہ تجارت کو تقویت ملے گی۔
دونوں جانب سے وزیرِاعظم کی ترجیحات کے تحت ایس ایم ایز، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مالی معاونت بڑھانے اور ان شعبوں کی ترقی میں مالیاتی اداروں کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر تجارت، سرمایہ کاری، ایس ایم ایز کی ترقی اور اہم عالمی منڈیوں میں پاکستان کے تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے وزارت تجارت اور حبیب بینک کے درمیان تعاون اور رابطہ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔


Comments are closed.