بلوچستان کے بلیو کاربن منصوبے کو عالمی پذیرائی، 707 ملین ڈالر آمدن کا تخمینہ
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 18 نومبر: بلوچستان کے فلیگ شپ بلیو کاربن آفسیٹ منصوبے کو اقوام متحدہ کی 31ویں کلائمیٹ چینج کانفرنس (کوپ 31) میں عالمی سرمایہ کاروں اور ماحولیاتی اداروں کی حمایت حاصل ہوئی ہے، جس سے صوبے میں ماحولیاتی تحفظ، کاربن فنانس اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے شہر انطالیہ میں بلیو کاربن اور کلائمیٹ فنانس سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض کی قیادت میں صوبائی وفد نے بلوچستان کے ساحلی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے۔ منصوبے کو بین الاقوامی کاربن ڈویلپرز، گرین سوورین ویلتھ فنڈز اور کثیرالجہتی ماحولیاتی اداروں کی جانب سے خصوصی توجہ اور حمایت حاصل ہوئی۔
بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے تحت 46 سالہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر تشکیل دیے گئے اس منصوبے میں 31 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری نجی ڈویلپر کی ایکویٹی کے ذریعے کی جائے گی، جس سے صوبائی خزانے پر کوئی مالی بوجھ نہیں پڑے گا۔ منصوبے کے تحت گوادر، لسبیلہ اور حب کے چھ ساحلی کلسٹرز میں 34 ہزار 351 ہیکٹر رقبے پر مینگروو جنگلات کی بحالی اور تحفظ کیا جائے گا۔
بین الاقوامی کاربن اکاؤنٹنگ معیارات اور پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت منصوبے سے پوری مدت میں 707 ملین امریکی ڈالر سے زائد کاربن آمدن حاصل ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ لاکھوں ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ کانفرنس میں شریک عالمی سرمایہ کاروں نے منصوبے کے مالیاتی ڈھانچے، گورننس اور ماحولیاتی فوائد کو سراہا۔
اجلاس میں بلوچستان کی 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی، تین نوٹیفائیڈ میرین پروٹیکٹڈ ایریاز — جزیرہ استولہ، میانی ہور اور جزیرہ چرنا — اور تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر محفوظ مینگروو رقبے کو بھی اجاگر کیا گیا۔ حکام نے ابتدائی منصوبے کے علاوہ مزید ایک لاکھ 60 ہزار ہیکٹر ساحلی اور ویٹ لینڈ رقبے کو مستقبل میں کاربن منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لیے قابل عمل قرار دیا۔
منصوبے کے تحت کاربن آمدن کا 15 فیصد کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے لیے مختص ہوگا، جس سے سولر واٹر ڈی سیلینیشن، صاف پانی کی فراہمی اور ماحول دوست روزگار کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
کانفرنس کے دوطرفہ مذاکرات میں ساحلی اور جنگلاتی علاقوں کی مقامی آبادیوں کو کاربن کریڈٹ سے حاصل ہونے والی آمدن میں براہ راست مالی حصہ دینے کی پالیسی تجویز بھی پیش کی گئی۔ سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اسد اللہ فیض نے یقین دہانی کرائی کہ کمیونٹی ڈیویڈنڈ کا مجوزہ نظام باضابطہ منظوری کے لیے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ مینگروو جنگلات کی بحالی، ساحلی ماحول کے تحفظ، مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنے کے ساتھ بلوچستان میں گرین اکانومی کے فروغ اور عالمی ماحولیاتی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کی توقع رکھتا ہے۔


Comments are closed.