گورنر بلوچستان کا سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں جدید ہال کی تعمیر کا اعلان

0

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 18 نومبر: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اعلان کیا ہے کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں جدید سہولیات سے آراستہ ہال کی تعمیر کے لیے آئندہ بجٹ میں فنڈز مختص کیے جائیں گے، جہاں فارغ التحصیل طالبات کانووکیشن سمیت دیگر بڑی تقریبات میں بھرپور انداز میں شرکت کر سکیں گی۔

یونیورسٹی کے بارہویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور دانشمندانہ منصوبہ بندی کے نتیجے میں صوبے کی سرکاری جامعات کو مالی مشکلات سے نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اب یہ جامعات خسارے کے بجائے سرپلس بجٹ کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جبکہ صوبائی سطح پر ان کی درجہ بندی میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے فارغ التحصیل طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی صوبے کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے اور خواتین کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور قائدانہ کردار کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

گورنر نے کہا کہ ڈگریاں برسوں کی محنت، نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہیں۔ فارغ التحصیل طالبات کو چاہیے کہ وہ اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو تعمیری مقاصد کے لیے بروئے کار لائیں اور بلوچستان سمیت ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے اعلیٰ تعلیم میں تحقیق، تنقیدی سوچ، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اساتذہ کی علمی و فکری خدمات کو بھی سراہا۔

صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، بالخصوص خواتین کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں گورنر بلوچستان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنی بیٹیوں کو تعلیم یافتہ نہیں بنایا بلکہ آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی بنیاد بھی رکھی ہے۔

بعد ازاں گورنر بلوچستان اور صوبائی وزیر تعلیم نے پی ایچ ڈی اسکالرز، ایم فل طلبہ اور فارغ التحصیل طالبات میں گولڈ میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔

Web Desk

Comments are closed.