فتح تھری میزائل کا کامیاب تجربہ قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ہے، وزیراعلیٰ

2

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ، 18 نومبر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان آرمی کی جانب سے فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم، پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتح تھری کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت، قومی خود انحصاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک انتہائی درستگی اور سپرسونک رفتار سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فتح تھری کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی استعداد میں اضافہ ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت پاکستان کے روایتی دفاعی نظام اور مؤثر دفاعی بازدارندگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور ملکی دفاع کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فتح تھری کا کامیاب تجربہ اسی تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔

انہوں نے صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور افواج پاکستان کی قیادت کی جانب سے متعلقہ اداروں اور ٹیموں کی خدمات کو سراہنے کے اقدام کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قومی دفاع کے شعبے میں سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کی محنت اور لگن ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتا رہے گا۔

Web Desk

Comments are closed.