ارجنٹائن اور زیمبیا میں بین الاقوامی تربیت مکمل کرنے والے بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز وطن واپس پہنچ گئے

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ

کوئٹہ: ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں شامل بلوچستان کے 18 نوجوان انجینئرز نے ارجنٹائن اور زیمبیا میں بین الاقوامی تربیت مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔

نوجوان انجینئرز نے بیرک کی عالمی معیار کی کان کنی کی تنصیبات، ارجنٹائن کی ویلاڈیرو مائن اور زیمبیا کی لوموانا مائن میں حاصل ہونے والے عملی تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے ریکو ڈک منصوبے کی ترقی میں اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ریکو ڈک مائننگ کمپنی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوجوان انجینئرز کی کامیابی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا روشن مستقبل ہیں اور بین الاقوامی معیار کی تربیت و جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ ہو کر یہ نوجوان ریکو ڈک منصوبے سمیت بلوچستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے مقامی نوجوانوں کو بین الاقوامی تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ریکو ڈک مائننگ کمپنی اور اس کی آپریٹر کمپنی بیرک کی سرمایہ کاری اور اقدامات کو بھی سراہا۔

اس موقع پر کمپنی کے کنٹری منیجر ضرار جمالی نے کہا کہ ریکو ڈک منصوبے کی پائیدار ترقی مقامی آبادی کی ترقی اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے سے منسلک ہے۔ انٹرنیشنل گریجویٹ ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے نوجوان انجینئرز کو عالمی معیار کی تکنیکی تربیت اور بین الاقوامی عملی تجربات فراہم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان 18 نوجوان انجینئرز کا انتخاب 2024 میں بلوچستان بھر سے موصول ہونے والی تین ہزار سے زائد درخواستوں میں سے سخت اور شفاف میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ اس گروپ میں چار خواتین انجینئرز بھی شامل ہیں۔

منتخب انجینئرز کا تعلق چاغی، کوئٹہ، گوادر، پنجگور، خضدار، لورالائی، نوشکی، موسیٰ خیل، قلعہ سیف اللہ اور ژوب سے ہے۔

 

Web Desk

Comments are closed.